مانو میں داخلے کی شرائط، یونیورسٹی کی وضاحت

حیدرآباد ۔ 12 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، ایک مرکزی جامعہ ہے جو پارلیمنٹ میں منظور قانون کے ذریعہ قائم کی گئی ہے۔ یونیورسٹی کسی بھی مرکزی جامعہ کی طرح یونیورسٹی گرانٹس کمیشن اور وزارت فروغ انسانی وسائل کے وضع کردہ قواعد و ضوابط کی تابع ہے۔ حیدرآباد کے مؤقر اردو روزنامہ ’’سیاست‘‘ مورخہ 12؍ دسمبر جمعہ کو صفحہ نمبر 2 پر شائع شدہ خبر پر یونیورسٹی وضاحت کرتی ہے کہ ایسا کوئی قاعدہ یا شرط داخلوں اور حصول تعلیم کے سلسلے میں نافذ نہیں کیا گیا ہے جو اردو یونیورسٹی کے بنیادی مقصد اور منشاء کے مغائر ہو۔ ایک خود مختار ادارہ کی حیثیت سے اردو ذریعہ تعلیم کے حصول کی متمنی طلبہ کی نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ مواقع دستیاب کروانے کی خاطر یونیورسٹی نے صرف ریگولر کورسس میں داخلے کے لیے 28 اور 31 سال عمر کی شرط اس لیے نافذ کی کہ کمرہ جماعت میں عمر میں بہت زیادہ تفاوت سے ہونے والے مسائل سے گزیرکیا جائے۔ سچ تو یہ ہے کہ اس طرح کی شرط خود نوجوان طلبہ کی نمائندگی پر اسی سال لگائی گئی۔ واضح رہے کہ اردو یونیورسٹی کے نظامت فاصلاتی تعلیم سے استفادہ کے خواہشمند طلبہ کے لیے ایسی کوئی شرائط نہیں ہے۔ نظامت فاصلاتی تعلیم سے سارے ملک میں لاکھوں طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔ ۔