مانو میں داخلوں کے لیے شعور بیداری مہم

حیدرآباد، 24؍ اپریل (پریس نوٹ)مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے نظامت داخلہ کے زیر اہتمام تعلیمی سال 2019-20 کے ریگولر کورسز میں داخلوں کے لیے پرانے شہر حیدرآباد میں شعور بیداری مہم کے تحت ایک خصوصی رابطہ پروگرام پیر 29؍ اپریل صبح 10 بجے اردو مسکن میں مقرر ہے۔ ڈاکٹر ایم وناجا، ڈائرکٹر نظامت کے مطابق پرانے شہر حیدرآباد کے طلباء و طالبات اور اولیائے طلبہ کے لیے اردو یونیورسٹی کے سبھی شعبوں کے اساتذہ و ذمہ داران اس پروگرام میں شریک ہوکر اردو یونیورسٹی میں داخلوں کے متعلق رہبری کریں گے۔ داخلہ کے خواہشمند طلبہ کی رہنمائی کے لیے آن لائن درخواست پر کرنے کا بھی انتظام رہے گا۔ خواہشمند امیدوار درکار اسنادکی نقل، تصاویر اور فیس کی ادائیگی کے لیے ڈیبٹ / کریڈٹ کارڈ ساتھ لائیں۔ اس موقع پر انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کی تیار کردہ مانو کی تعارفی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی جائے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نئے تعلیمی سال کے لیے اردو یونیورسٹی نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ انٹرنس کی اساس پر کورسز کی آخری تاریخ یکم ؍ مئی 2019ہے جبکہ میرٹ کی اساس کے کورسز کے لیے آخری تاریخ 30؍ جون ہے۔ آن لائن داخلوں کے لیے ویب سائٹ www.manuu.ac.in لاگ ان کریں۔ رابطہ پروگرام سے متعلق مزید تفصیلات کے لیے 8333853752 پر ربط کریں۔