مانو میں بین الاقوامی یوتھ ایکسچینج پروگرام کا اختتام

بین ثقافتی پروگرام نوجوانوں کیلئے فائدہ مند:ڈاکٹر اسلم پرویز
حیدرآباد ، 6 دسمبر ،(پریس نوٹ) نوجوانوں کے تبادلہ پروگرام سے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان باہمی رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ نوجوانوں کو اس سے کا فی فائدہ ہوگا۔ اس بات کا اظہار کل شام ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے کیا۔ وہ تلنگانہ کا دورہ کرنے والے سری لنکائی وفد کی وداعی تقریب سے مخاطب تھے۔ سری لنکائی نوجوانوں کا 38 افراد پر مشتمل ایک وفد یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت اپنے 9 روزہ دورۂ تلنگانہ کے لیے 28؍ نومبر کو اردو یونیورسٹی پہنچا۔ اس دورہ کا مقصد شہر حیدرآباد کی سیاحت کے ذریعہ یہاں کی تہذیب، ثقافت اور روایات سے آگہی حاصل کرنا تھا۔ اس دورہ کا اہتمام تلنگانہ اسٹیٹ این ایس ایس سیل نے کیا تھا۔ تبادلہ پروگرام کی روح رواں گنگا دمینتی، ڈائرکٹر، یوتھ ایکسینج پروگرام سری لنکا کامن ویلتھ یوتھ کونسل نے قیادت کی۔ ہندوستان اور سرلنکا کے درمیان یوتھ ایکسینج پروگرام کا 2015سے اہتمام کیا جارہا ہے۔ یہ پروگرام دونوں ملکوں کے درمیان پائیدار ترقی اور آپسی امن کیلئے شروع کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت پہلی مرتبہ سری لنکائی وفد نے تلنگانہ کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر اسلم پرویز نے سری لنکائی وفد کی اردو یونیورسٹی میں بہترین میزبانی کے فرائض انجام دینے پر ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار اور ڈاکٹر محمد فریاد، این ایس ایس کوآرڈینیٹر کی ستائش کی۔ اس پروگرام میں حصہ لینے والے این ایس ایس والینٹرس میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ پروگرام کی صدارت ڈاکٹر ایم اے سکندر نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد فریاد، ڈاکٹر افروز،پروگرام آفیسر ، جناب بی بھکشا پتی اور ریاست تلنگانہ کے این ایس ایس سیل کے انچارج وشنو دیو کے علاوہ طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔