مانسون کے 28 مئی کو ساحل سے کیرالا سے ٹکرانے کی امید

حیدرآباد 24 مئی ( سیاست نیوز ) جنوب مغربی مانسون جو 20 مئی کو انڈومان و نکوبار جزائر کو پہونچنا تھا ہوسکتا ہے کہ وہ سائیکلون ساگر اور میکونو کی وجہ سے بروقت نہیں پہونچ سکا ہو لیکن موسمی سائنسدان اس تعلق سے پرامید ہیں کہ وہ 28 مئی کے مقررہ وقت پر ہی سری لنکا اور کیرالا کے ساحل سے ٹکرائیگا ۔ جنوب مغربی مانسون 2018 کی اب جبکہ آمد آمد ہے ایسے ملک بھر میں جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے ۔ مانسون کی آمد کیلئے تمام حالات سازگار تھے اور یہ امید کی جا رہی تھی کہ یہ انڈومان و نکوبار جزائر کو 20 مئی کو پہونچ جائیگا ۔ تاہم یہ وقت گذار چکا ہے اور مانسون کی آمد نہیں ہوسکی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ بحیرہ عرب میں سائیکلون ساگر اور میکونو کی وجہ سے اس کی آمد میں تاخیر ہوئی ہے ۔ اسکائی میٹ ویدر کے ماہرین کے بموجب مانسون کی آمد میں کئی وجوہات سے رکاوٹ ہوئی ہے جس کی وجہ سے اس کی آمد میں تاخیر ہوئی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ موسمی حالات میں تبدیلیوں کی وجہ سے ہندوستان کے علاقہ میں ماقبل مانسون موسمی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ان تبدیلیوں کے باوجود ہوا کا رخ برقرار ہے اور نمی میں کمی ہوتی جا رہی ہے ۔ اسکائی میٹ ماہرین کے بموجب تمام حالات اور تبدیلیوں کے باوجود 28 مئی کو مانسون ساحل کیرالا سے ٹکراجائیگا ۔ ایک یا دو دن کی کمی بیشی ہوسکتی ہے ۔