مانسون کے باوجود بارش ندارد، گرمی کی لہر برقرار

شمال مغربی ہوائوں کے سبب دونوں ریاستوں میں گرمی، تین دن تک راحت کے آثار نہیں
حیدرآباد۔/25جون، ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر وی کے ریڈی نے کہا ہے کہ دو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں رواںمانسون کے دوران تاحال معمول سے 60فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ رائلسیما میں معمول کے مطابق بارش ہوئی ہے۔ مسٹر وی کے ریڈی نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 5جون سے ساحلی آندھرا پردیش میں بالعموم808 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ اس طرح تلنگانہ میں اس مدت کے دوران عام طور پر102.8 ملی میٹر بارش ہوا کرتی ہے لیکن اس موسم میں تاحال صرف 49فیصد یعنی 52.4 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔ اس طرح دونوں ریاستوں میں مجموعی طور پر 60فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ مسٹر وی کے ریڈی نے کہا کہ آئندہ چند دن تک تلنگانہ، ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں بارش کا امکان نہیں ہے۔29یا 30جون کے بعد ہی شمالی ساحلی آندھرا میں بارش ہوگی۔

3جولائی کے بعد تلنگانہ اور رائلسیما میں مانسون سرگرم ہونے کا امکان ہے۔ مسٹر وی کے ریڈی نے دونوں ریاست میں مانسون کے آغاز کے باوجود گرمی کی شدید ترین لہر کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال شمال مغربی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں جو موسم کی گرمی میں مزید اضافہ کررہی ہیں۔ اس کے نتیجہ میں اکثر مقامات پر درجہ حرارت معمول سے چار تا سات ڈگری سیلسئیس زیادہ ہے۔ اس طرح دونوں ریاستیں شدید ترین گرمی اور جھلسا دینے والی دھوپ کی زد میں ہیں۔ بشمول کاکیناڈا رنٹا چتلہ وشاکھاپٹنم اور مچھلی پٹنم چند مقامات پر معمول کا درجہ حرارت آٹھ ڈگری سیلیئس سے زائد رہا۔ جہاں گرمی کی شدید لہر جاری ہے۔ حیدرآباد اور ضلع رنگاریڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ہے جو معمول سے چھ ڈگری سیلسیئس زیادہ ہے۔ یہ صورتحال آئندہ مزید دو تین دن جاری رہے گی۔ بلکہ درجہ حرارت مزید ایک یا دو ڈگری کے اضافہ سے 39 یا 40 ڈگری سیلسئیس تک پہونچ سکتا ہے۔

مشرقی گوداوری میں گرمی کی لہر
دو دن کے دوران 16افراد فوت
راجمندری۔/25جون، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے ضلع مشرقی گوداوری میں جاری تباہ کن گرمی کی لہر کے نتیجہ میں گذشتہ دو دن کے دوران 16افراد فوت ہوگئے۔ مشرقی گوداوری کی ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے کہاکہ ضلع میں گذشتہ دو دن سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس کے نتیجہ میں کم سے کم 16افراد فوت ہوئے ہیں۔ اس ضلع کے علاقوں سامرلا کوٹا، تھونڈاگی، پتھاپورم ( دیہی )، امباجی پیٹا، اڈاٹیٹلہ، آشریاپورم، نتراویدی، کڈیم اور دیگر ڈیویژنوں سے اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ کلکٹر نیتو پرساد نے کہا کہ ’’ضلع میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر ہم نے امدادی اور خانگی اسکولوں کیلئے تعطیل کا اعلان کیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے۔