مانسون کی کمی کو چیلنج کے طور پر قبول کیا جائے

نئی دہلی 8 جون (سیاست ڈاٹ کام ) جاریہ سال مانسون کم ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس چیلنج کو ایک ’’موقع ‘‘ کے طور پر قبول کرتے ہوئے آبپاشی کے دیگر امکانات تلاش کرنے کی ضرورت ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ مختصر مدتی لائحہ عمل کے طور پر کھیتی باڑی کیلئے کنٹوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے ۔ آج یہاں پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے جاریہ سال بارش کم ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ اوسط سے کم بارش کی اس پیش قیاسی کو ایک موقع جانتے ہوئے بطور چیلنج قبول کریں۔ وزیر اعظم کے دفتر ( پی ایم او ) نے ایک صحافتی بیان میں یہ بات بتائی ۔ انہو ںنے آبپاشی شعبہ مںی انتظامی میکانزم ‘ مالی انتظام و انصرام اور ٹکنالوجی سے موثر استفادہ پر نظر ثانی کی ضرورت ظاہر کی ۔ اس کے ذریعہ مختصر مدت میں بہتر فیصلہ سازی اور موثر نتائج کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اور یہ کسانوں کے حق میں فائدہ مند ہوگا ۔