مانسون کی پہلی بارش سے موسم خوشگوار

شہر اور نواحی علاقوں میں موسلادھار بارش ، بلدیہ کا کنٹرول روم چوکس
حیدرآباد۔7جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں 6اور7جون کی درمیانی شب ہوئی مانسون کی پہلی بارش نے موسم کو انتہائی خوشگوار بنا دیا ہے اور شہر کے علاوہ نواحی علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ 6 جون کی رات 10بجے سے شروع ہوئی بارش کا سلسلہ سحر کے وقت تک جاری رہا بجلی کی کڑک اورگھن گرج کے ساتھ جاری رہنے والی موسم کی اس پہلی بارش کے دورا ن کسی قسم کے کوئی نقصان کی اطلاع نہیں ہے اورعلی الصبح تک جاری رہنے والی اس بار ش کے بعد موسم نہایت خوشگوار ہوگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 7جون کی شب کو بھی بارش کے امکانات ہیں اور رات دیر گئے تک اس بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بارش اور ہواؤں کی رفتار کو دیکھتے ہوئے کنٹرول روم کو متحرک کر دیا گیا اور رات دیر گئے تک مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن راؤ کنٹرول روم میں موجود تھے جہاں سے شہر اور شہر کے اطراف کے علاقو ں میں ہونے والی بارش کا جائزہ لیا جا رہاتھا۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بلدی حدود میں سب سے زیادہ بارش کاپرا میں 89.5ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ جبکہ ملکا جگری میں 69.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔اپل میں 48.8ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ عنبر پیٹ میں 25ملی لیٹر بار ش ریکارڈ کی گئی ہے۔سکندرآباد میں 24 ملی میٹر بار ش ریکارڈ کی گئی جبکہ مشیرآباد میں 21ملی میٹر بارش ریکار ڈ کی گئی ہے ۔ملک پیٹ میں 14.3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ چارمینار کے علاقہ میں14.3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بارش کم ریکارڈ کی گئی ہے لیکن کاپرا میں ہونے والی بارش کو دیکھتے ہوئے جی ایچ ایم سی عملہ نے ایمرجنسی ٹیموں کو متحرک کردیا تھا ۔حیدرآباد میں ہونے والی مانسون کی پہلی بارش کے دوران نصف شہر میں رات دیر گئے تک بھی تاریکی چھائی رہی اور شہر کے اقلیتی غالب آبادی والے علاقوں بالخصوص پرانے شہر میں مسلمانوں کو تاریکی میں سحر کرنی پڑی ۔ دونوں شہرو ںمیں ہوئی بارش کے دوران پرانے شہر میں ہی برقی سربراہی میں خلل پیدا ہونا محکمہ برقی کی جانب سے پرانے شہر کو دوسرے درجہ کے علاقہ میں شمار کئے جانے کے مترادف ثابت ہورہا ہے۔ مانسون کی آمد سے قبل محکمہ برقی کی جانب سے یہ اعلانات کئے جا رہے تھے کہ مانسون کی آمد اور موسم باراں کے دوران برقی سربراہی کو بہتر بنانے اور خلل کو روکنے کے لئے مرمتی کاموں کی قبل از وقت تکمیل کر لی گئی ہے لیکن مانسون کی پہلی بارش کے دوران ہی برقی سربراہی منقطع ہونے کے سبب صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔