مانسون کی بحیرہ انڈومان کی سمت پیشرفت

تلنگانہ میں گرمی کی لہر برقرار‘ تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع
حیدرآباد ۔ 21مئی ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے اضلاع کھمم ‘ سوریا پیٹ ‘ نلگنڈہ ‘ ناگرکرنول ‘ رنگاریڈی ‘ محبوب نگر ‘ ونپرتی ‘ جوگولدمبا گدوال میں آئندہ دو دن کے دوران طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ بعض دیگر مقامات پر بھی ہلکی یا اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ تلنگانہ کے اکثر حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42تا 44ڈگری سلسیس کے درمیان رہے گا ۔ حیدرآباد میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا ۔ دن یا رات کے دوران ہلکی بارش ہوسکتی ہے اور درجہ حرارت 41تا 29 ڈگری سلسیس کے درمیان رہے گا ۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ بحیرہ عرب میںدوسرا طوفان بادو باراں ابھر رہاہے جو اس بات کا اشارہ ہے کہ آئندہ دو دن کے دوران جنوبی بحیرہ انڈومان میں مانسون داخل ہوسکتا ہے ۔خلیج بنگال کے انتہائی جنوب مشرق میں واقع جزائر انڈومان و نکوبار دراصل ہندوستانی آبی حدود میں مانسون کا پہلا پڑاؤ سمجھے جاتے ہیں ۔ تلنگانہ کے چند مقامات پر آج بھی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ عادل آباد اور نظام آباد گرم ترین اضلاع رہے جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45ڈگری سنی گریڈ درج کیا گیا ہے ۔