مانسون کی آمد سے قبل مخدوش عمارتوں کے انہدام کی ہدایت

ریاست میں بارش سے ہونے والے نقصانات کو روکنے احتیاطی اقدامات کا مشورہ : چیف سکریٹری
حیدرآباد۔29مئی (سیاست نیوز) موسم باراں کی آمد کے سلسلہ میں چیف سیکریٹری تلنگانہ مسٹر ایس کے جوشی نے آج مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مانسون کی آمد سے قبل تمام امور کو انجام دینے میں کوئی کوتاہی نہ کریں کیونکہ مانسون کی آمد کے ساتھ ہی ترقیاتی کام مختصر مدت کے لئے روک دیئے جاتے ہیں۔مسٹر ایس کے جوشی نے ریاست کی تمام بلدیات کے اعلی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 6جون سے قبل تمام مخدوش عمارتوں کے انہدام کے اقدامات کریں ۔انہو ںنے محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کو موسلا دھار بارش کے خدشات اور فلڈ میاپ تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ریاست میں جن مقامات پر زیادہ بارش کے امکان ہیں ان علاقوں میں احتیاطی اقدامات کو مکمل کیا جائے اسی طرح محکمہ برقی کو موسم باراں کے آغاز سے قبل تمام درستگی کے کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔مسٹر ایس کے جوشی کو عہدیداروں نے بتایا کہ موسم باراں کے لئے کئے گئے انتظامات کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں 195 ہنگامی ٹیموں کو متحرک رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے علاوہ ازیں سڑکوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کرتے ہوئے شہر ی علاقوں کے علاوہ دیہی علاقوں کی سڑکوں کی درستگی کے کام انجام دیئے جا رہے ہیں۔ چیف سیکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں کی قبل از وقت تکمیل کو یقینی بنائیں اور جن علاقوں میں بارش سے نقصانات کے خدشات ہیں ان علاقوں میں خصوصی دستوں کی تعیناتی کے ذریعہ بارش کے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے بلدی عہدیدارو ںکو ہورڈنگس اور فلیکس کے علاوہ موبائیل ٹاؤرس کی مضبوطی کی جانچ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں ہورڈنگس اور موبائیل ٹاؤرس سے نقصان کا خدشہ ہے انہیں ہٹانے کے انتظامات کئے جائیں۔