مانسون کا پرندہ تلنگانہ میں نظر آگیا

یکم جون کو بارش ہوگی ؟ سوشیل میڈیا پر دلچسپ موضوع بحث
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ماہ رمضان کے ابتدائی ایام ختم ہونے کو ہے اور ساتھ ہی موسم گرما اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے ۔ جس سے بندگان توحید روزہ کے دوران سخت آزمائش برداشت کررہے ہیں تاکہ رب العزت کی رضا حاصل ہوجائے ۔ دریں اثناء عوام کے لیے ایک راحت کی خبر یہ ہے کہ جس پرندے کو مانسون کی آمد کے ضمن میں اہمیت حاصل ہے وہ ایک قسم کی کویل ہے جو کہ مانسون کی آمد سے چند ہفتے قبل دکھائی دیتی ہے اور مانسون کی آمد کے لیے جاکوبین کویل کا دکھائی دینا خوش آئند تصور کیا جاتا ہے اور یہ کوئل سنگاریڈی کے مانجرا جنگلات میں دیکھی گئی ہے ۔ ماحولیات اور موسمیات کے ماہرین کے بموجب ہندوستان میں مانسون کی آمد سے چند ہفتے قبل یہ پرندہ دکھائی دیتا ہے اور اب یہ پرندہ سنگاریڈی کے علاقے میں موجود تالا پلی جھیل کے پاس بھی دیکھا گیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب سفید اور کالے رنگ کی یہ کویل جو عموماً جنوبی افریقہ سے ہزاروں کلومیٹرس کی مسافت طئے کرتے ہوئے جنوب مغربی مانسون سے چند ہفتے قبل ہندوستان پہنچتا ہے جب کہ ریاست تلنگانہ میں اس پرندے کا دکھائی دینا اس بات کا اشارہ ہے کہ آئندہ 2 یا 3 ہفتوں میں مانسون کی آمد متوقع ہے ۔ پرندوں کی نقل مکانی کے ماہرین کے بموجب یہ پرندے جنوبی افریقہ سے ہزاروں کلومیٹرس کا سفر طئے کرتے ہوئے ہندوستان کا رخ کرتے ہیں جن میں ریاست تلنگانہ کے مقامات مانجیرا ، اننت گیری کے پہاڑی علاقے ، نرسا پور کے جنگلاتی علاقے ، پوچارم ، نلاملا کے جنگلات اور امین پور میں پرندوں کی نقل مکانی آسانی سے دیکھی جاسکتی ہے ۔ اور ان علاقوں میں مانسون کی آمد کے موقع پر کئی پرندوں کی آمد ہوتی ہے جن میں مذکورہ بالا پرندہ بھی شامل ہے ۔ موسم گرما کے عروج اور روزہ کی تکمیل کے ضمن میں سوشیل میڈیا پر بھی یہ بحث جاری ہے کہ یکم جون کو بارش ہوگی ۔ سوشیل میڈیا پر موجودہ تلنگانہ کے نوجوان روزہ داروں میں یہ موضوع زور پکڑ رہا ہے کہ بندگان توحید گرما کی تپش اور سختی کے باوجود رضائے الہیٰ کے لیے روزے رکھ رہے ہیں اور اللہ کی طرف سے ان پر رحمت نازل ہوگی تو اکثر لوگوں کا یہ خیال ہے کہ یکم جون کو چونکہ جمعہ کا دن ہے اور نماز جمعہ کے بعد اکثر مساجد میں دعائیں ہوتی ہیں لہذا یکم جون کی سہ پہر یا شام بارش کی امید کی جارہی ہے ۔۔