مانسون سارے کیرالا میں پھیل گیا ‘بارش کا سلسلہ شروع

تھرواننتاپورم 9 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تین دن قبل ساحلی کیرالا سے ٹکرانے والا جنوب مغربی مانسون اب مزید آگے بڑھ گیا ہے اور ساری ریاست کا احاطہ کرچکا ہے ۔ موسمیات مرکز کی جانب سے آج جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کیرالا اور لکشدویپ میں 12 جون تک مانسون کے اثر سے شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ بارش کا تخمینہ 7 سنٹی میٹر تک کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ کیرالا ‘ لکشدویپ ‘ منی کوئے اور دیگر مقامات پر بھی شدید بارش ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ کوزی کوڈ ‘ کوڈنگلور ( تھریسر ضلع ) ارناکلم ساؤتھ ‘ کیام کولم ‘ اور منکومپو میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ یہاں پانچ سنٹی میٹر تک بارش ہوئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ابتداء میں کمزور رہنے کے بعد مانسون کل سرگرم ہوگیا تھا اور کچھ مقامات پر سات سنٹی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ہندوستان میں اس سال بارش معمول سے کم 93 فیصد ہونے کی توقع ہے‘ منسٹر آف اسٹیٹ سائنس اینڈ ٹکنالوجی جتیندر سنگھ نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کم بارش کے امکانات کی بناء ہنگامی منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔