مانسون بارش اوسط سے کم ہونے کا امکان

ملک کے زیادہ تر مقامات پر معمول سے کم بارش ہوگی ، آئی ایم ڈی کی پیش قیاسی

حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ہندوستان میں سال 2014 میں مانسون بارش اوسط سے کم ہونے کا امکان ہے ۔ آئی ایم ڈی کی جانب سے آج یہاں جاری موسمی پیش قیاسی میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون سیزن کی بارش طویل مدتی اوسط کے 95 فیصد ہونے کا امکان ہے ۔ 96 تا 104 فیصد بارش معمول کے مطابق ہوتی اور 90 تا 96 فیصد بارش معمول سے کم ہوتی ہے ۔ اس طرح 95 فیصد کی پیش قیاسی معمول سے کم ہے ۔ پونے میں قائم آئی ایم ڈی کے ریجنل کلائمیٹ سنٹر نے جس جنوبی ایشیا کے لیے موسمی پیش قیاسی کی ہے ، کہا کہ ہندوستان کے زیادہ تر علاقوں میں اس سال معمول سے کم بارش ہوگی جس کے لیے تیار رہنا ہوگا ۔ ہندوستان کی معیشت کا انحصار مانسون پر ہوتا ہے کیوں کہ ہندوستانی عوام کی اکثریت زراعت سے جڑے ہوئے ہیں اوران میں زیادہ تر لوگوں کو آبپاشی کی سہولت دستیاب نہیں ہے اس لیے انہیں بارش کے پانی پر انحصار کرنا ہوتا ہے ۔ سال 2009 میں ہندوستان کو بارش میں کمی کے باعث خشک سالی کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس سے قبل 2004 اور 2002 میں بھی اسی طرح کی صورتحال تھی ۔ تاہم موسمیات کے سائنس دان نرسمہا راؤ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جنوب مغربی مانسون بارش معمول کے قریب ہوگی ۔۔