نئی دہلی، 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی مانسون اپنی راہ پر گامزن ہے اور شاید کیرالا کے ساحل تک ہفتہ کو ہی پہنچ جائے، مگر یہ آمد اس قدر شدت سے شاید نہ ہو جس کی قبل ازیں پیش قیاسی کی گئی تھی۔ انڈیا مٹیورولوجیکل ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ کیرالا کے بعض مقامات پر تیز بارش اتوار کے آس پاس ہونے کا امکان ہے۔ مانسون موجودہ طور پر اَنڈمان اور نکوبار جزائر کے قرب و جوار میں ہے۔ دفتر محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ کیرالا میں بارشیں اتوار کو ہونے لگیں گی، جس کے ٹھیک ٹھیک درست ثابت ہونے میں چار یوم کی گنجائش ہے۔ دریں اثناء ملک کے کئی حصوں میں پسینہ سے شرابور کردینے والی شدید گرمی کی لہر میں فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر آج 1826 ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں عمومی طور پر سخت گرمی کے حالات مزید دو یوم برقرار رہنے کا انتباہ دیا ہے۔ دہلی، پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش اور راجستھان جیسی ریاستوں کی بھی یہی صورتحال ہے۔