مالی میں 10 دن کیلئے ایمرجنسی نافذ

بماکو ۔ 21 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) مالی میں آج 10 دن کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی جہاں گزشتہ روز دارالحکومت بماکو کی ایک عالیشان ہوٹل پر ہوئے ایک جہادی دہشت گرد حملے میں کم سے کم 27 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ مالی ریڈیو کے ایک نشریہ کے مطابق صدر ابرایہم بوبکر کے زیرصدارت کابینہ نے گزشتہ روز کے بحران کا جائزہ لیا اور حکومت نے 10 دن کیلئے ایمرجنسی کا اعلان کردیا ۔ مالی نے گزشتہ روز کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں تین دن سوگ منانے کا اعلان بھی کیا ہے ۔ الجزیرہ ٹیلی ویژن نٹورک کے ایک ویڈیو ٹیپ کے مطابق الجزائر کے عسکریت پسند مختار بالمختار کے رسوائے زمانہ گروپ المرابطون نے اس دہشت گرد حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔