مالی میں لاپتہ الجزائر طیارہ گر کر تباہ

الجزائر، 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) الجزائر کی فضائی کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ مالی کے شمال میں ان کا لاپتہ ہونے والا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں جہاز پر سوار 110 مسافر جاں بحق ہو گئے۔ الجزائر کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے 50 فرانسیسی، 6 الجزائری، 4 جرمن، 8 لبنانی اور ایک بدقسمت مسافر کا تعلق بلجیم سے تھا۔ الجزائر نے طیارہ تباہی میں دہشت گردی کے امکان کے پیش نظر مالی کے سرحدی علاقے میں فوجی تفتیش کار بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔ ادھر مالی میں بماکو حکومت نے بھی اپنی فضائی حدود میں الجزائری مسافر جہاز کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دریں اثناء الجزائر کے ساتھ فرانسیسی فوج نے بھی شمال مالی میں تباہ ہونے والے طیارے کی تلاش میں میراج 2000 طرز کے دو لڑاکا جہاز روانہ کئے ہیں۔ الجزائری وزیر اعظم عبدالمالک سلال کا کہنا ہے کہ الجزائری طیارہ مالی کے شہر گاو پر محو پرواز تھا کہ اس کا رابطہ کنڑول ٹاور سے منقطع ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ جہاز کے ملبے کی تلاش کا کام جاری ہے۔