مالی میں ـزبردست دھماکہ 17 افراد ہلاک

بماکو ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وسطی مالی میں دھوکہ دیکر کئے گئے دھماکہ میں 17 شہری ہلاک ہوگئے اور 15 دیگر زخمی ہوئے، سیکوریٹی فورسیس اور ایک مقامی عہدیدار نے آج یہ بات کہی۔ یہ واقعہ منگل کو شہر موپتی کے تقریباً 150 کیلو میٹر مشرق میں واقع چھوٹے ٹاؤن دیان کابو میں پیش آیا۔ مقامی عہدیدار نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایاکہ یہ دھماکہ دھماکو آلہ کے ذریعہ کیا گیا جسے ایک شخص کی نعش کے ساتھ باندھ دیا گیا تھا جبکہ اس شخص کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ سیکوریٹی ذرائع نے ہلاکتوں کی تصدیق کی اور اس شخص کے والدین نے بھی توثیق کی جس کی نعش کے ساتھ دھماکو آلہ لگایا گیا تھا۔ وہ شخص اپنے مویشیوں کیلئے غذا لانے گایا تھا اور واپس نہیں آیا۔ اس کے بعد والدین کو اس کی نعش ملی۔ جن بندوق برداروں نے اسے ہلاک کیا انہوں نے اس کی نعش کے ساتھ دھماکو آلہ لپیٹ دیا ۔ یہ وہ طریقہ ہے جسے جہادی استعمال کرتے ہیں۔