باماکو۔20ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بندوق برداروں کے ایک حملہ میں جو سمجھا جاتا ہے کہ جہادی تھے وسطی مالی میں برکینا فاسو کی سرحد کے قریب حملہ سے کم از کم دو ملازمین پولیس اور دوشہری ہلاک ہوگئے ۔ فوجی ذرائع کے بموجب مہلوکین مسلح اسلام پسندوں کے ہاتھوں موضع بیہ میں جو برکینا فاسو کی سرحد سے کم از کم پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے ہلاک ہوگئے ۔صوبائی پولیس کے عہدیدار نے کہاکہ بندوق بردار موٹر سیکل پر سوار تھے ۔ ایک پولیس ملازم اور ایک شہری فائرنگ کے نتیجہ میں برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ جب کہ دیگر دو افراد اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ مالی کے فوجی ذرائع کے بموجب حملہ آور ماسینا نجات دہندہ محاذ کے ارکان تھے ۔ یہ نیا گروپ جاریہ سال کے اوائل میں منظر پر آیا ہے اور اس نے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ جن میں سے بعض حملے مرکزی مالی میں فوج کو نشانہ بناتے ہوئے کئے گئے تھے ۔ یہ محاذ مرکزی مالی کے فولانی عوام کی تائید سے سرگرم ہیں اور اس کے روابط انصار دین سے بھی ہیں ۔ اس گروپ کا مالی کے وسیع مشرقی بنجر علاقہ پر اپریل 2012ء سے قبضہ ہے ۔ مالی کی فوج کے بموجب حملہ کی تحقیقات کرنے والوں نے یہ نہیں کہا کہ محاذ کے کارکنوں نے برکینا فاسو کے قریب اپنا ایک اڈہ قائم کر رکھا ہے ۔