بماکو ۔ 28نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) مالی کے شمال مشرقی ٹاؤن کیدال میں اقوام متحدہ کے ایک اڈہ پر راکٹ حملے میں اقوام متحدہ کے دو امن سپاہی اور ایک سویلین ہلاک ہوگئے ۔ اقوام متحدہ کے ذرائع اور ایک مقامی عہدیدار نے اس حملہ کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’کیدال میں آج صبح ہمارے کیمپ پر دہشت گردوں نے راکٹوں کے ذریعہ حملہ کیا جس کے نتیجہ میں گنی سے تعلق رکھنے والے دو امن سپاہیوں اور ایک سیول کنٹراکٹر ہلاک ہوگیا‘‘۔ اقوام متحدہ کے دیگر ذرائع نے کہاکہ حملہ میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں تین کی حالت تشویشناک ہے ۔ مالی کے صدر مقام بماکو کی ایک لکژری ہوٹل پر دہشت گرد حملے کے آٹھ دن بعد یہ حملہ ہوا ہے ۔ گزشتہ ہفتہ کے حملہ میں ہلاک 20 افراد میں 14 بیرونی شہری تھے ۔