مالی امداد کے مستحق طلبہ کو درخواستیں داخل کرنے کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( ایجنسیز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کے طلبہ جو کہ مالی امدادی اسکیم کے فوائد حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 15 اکٹوبر سے قبل درخواستیں داخل کریں ۔ چیف منسٹر ریاست تلنگانہ میں ضلع کلکٹرس اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سرکاری پروگرامس کا جائزہ لے رہے تھے ۔ یہاں یہ بات بتائی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد تحصیلدار رواں ماہ کے اختتام تک طلبہ کو سرٹیفیکٹس جاری کریں گے ۔ چیف منسٹر نے کسانوں کو قرض معافی پر عمل آوری کا حوالہ دیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بینکرس کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کسانوں کو نئے قرض کے حصول کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بنکرس کو چار ہزار 250 کروڑ روپئے پہلے ہی ادا کرچکی ہے تاکہ کسان تازہ قرضہ حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کے تازہ قرض کو یقینی بنائیں ۔ چیف منسٹر نے فوڈ سیکوریٹی ایکٹ کے تحت فیملی فوڈ سیکوریٹی کارڈس کی اجرائی کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری ملازمین ، اراضی نہ رکھنے والے افراد اور غیر تاجر افراد کو ایسے کارڈس کو 15 اکٹوبر سے قبل اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ایسے کارڈس کے حصول کے لیے دیہاتوں میں وی آر اوز کو درخواست دی جائے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ باریکی سے ان درخواستوں کی چھان بین کریں ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے طلبہ کو حکومت تلنگانہ کے نام پر آمدنی ، طبقہ ، اور رہائشی اسنادات کی اجرائی کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ معمر افراد جسمانی معذورین اور بیواؤں تک وظیفہ کی رقم کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے وظیفہ کی رقم کے حصول کے خواہش مندوں سے کہا کہ وہ 15 اکٹوبر سے قبل درخواستیں داخل کریں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایک سادہ کاغذ پر تفصیلات درج کر کے داخل کی جائیں ۔ جب کہ تحصیلدار اور ان کا اسٹاف درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے وظیفہ رقم کی اجرائی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے ۔۔