ممبئی 25 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک نیا تنازعہ پیدا کرتے ہوئے 2008 مالیگاوں بم دھماکہ کیس میں خصوصی پبلک پراسکیوٹر نے آج الزام عائد کیا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) نے مرکز میں نریندرمودی حکومت کے اقتدار پر آنے کے بعد ان سے کہا تھا کہ وہ اس کیس میں ملزمین کے تعلق سے نرم رویہ اختیار کریں۔ ملزمین کے تعلق سے نرم رویہ رکھنے ان پر این آئی اے کی جانب سے گذشتہ ایک سال سے دباؤ ڈالا جا رہا تھا ۔ اس کیس میں کچھ ہندو تخریب کار گرفتار کرکے جیل بھیجے گئے ہیں جن کے خلاف مقدمات چل رہے ہیں۔ پبلک پراسکیوٹر روہنی سلیان نے کہا کہ این آئی اے کے ایک عہدیدار نے انہیں فون کیا اور کہاکہ وہ مجھ سے ملنا چاہتا ہے ۔ گذشتہ سال کسی وقت اس عہدیدار نے مجھ سے ملاقات کی اور مجھ سے کہا کہ میں اس کیس میں ملزمین کے تعلق سے نرم رویہ اختیار کروں ۔ روہنی سلیان اس کیس میں خصوصی پبلک پراسکیوٹر ہیں۔ روہنی سلیان نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس عہدیدار کو اس کے اعلی عہدیداروں نے یہ پیام ان تک پہونچانے کی ہدایت دی تھی ۔ سلیان نے کہا کہ جاریہ سال 12 جون کو ایک بار پھر اسی عہدیدار نے ان سے ملاقات کی اور زبانی طور پر مطلع کیا کہ انہیں ( سلیان کو ) کسی دوسرے وکیل کے ذریعہ بدل دیا جانا ہے ۔ سلیان نے اس عہدیدار سے کہا کہ میرے واجبات ادا کئے جائیں اور مجھے اس کیس سے علیحدہ کردیا جائے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی تک نہ انہیں کسی دوسرے وکیل سے بدلنے کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی ان کے بلز ادا کئے گئے ہیں۔ سلیان نے تاہم ان سے ملاقات کرنے والے عہدیدار کا نام بتانے سے گریز کیا ۔ پراسکیوٹر نے کہا کہ ان کے معاوضہ پر این آئی اے سے ان کا تنازعہ ہوا ہے ۔ این آئی اے سلیان کو وہی معاوضہ ادا کرنے تیار ہے جو سی بی آئی کے وکلا کو دیا جاتا ہے لیکن سلیان چاہتی ہیں کہ انہیں اضافی معاوضہ دیا جائے جیسا کہ ماضی میں این آئی اے نے کیا ہے ۔ 68 سالہ روہنی سلیان نے کہا کہ وہ دو مقدمات میں این آئی اے کی پیروی کرچکی ہیں۔ ایک جعلی کرنسی کا معاملہ تھا جس میں چھ ملزمین کو سزا سنائی گئی ہے ۔ ان کے وکلا نے اپیل کی ہے جو زیر التوا ہے ۔ دوسرا کیس مالیگاوں 1008 کے بم دھماکوں کا ہے ۔ 2008 مالیگاوں بم دھماکہ کیس میں 12 افراد ملزم ہیں جن میں سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور کرنل پرساد سریکانت پروہت بھی شامل تھے ۔ تاہم انہیں اس کیس میں ضمانت مل گئی ہے کیونکہ ان کے خلاف چارچ شیٹ ابھی تک پیش نہیں کی گئی ہے ۔ 29 ستمبر 2008 کو مالیگاوں میں ہوئے بم دھماکہ میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھے اور دوسرے 79 زخمی ہوئے تھے ۔ دریں اثناء این آئی اے نے ملزمین کے ساتھ نرم رویہ رکھنے کی ہدایت دینے کی پرزور تردید کردی۔