مالیگاؤں بم دھماکہ کیس ‘کرنل پروہت کی قسمت کا فیصلہ مؤخر

۔26 ستمبر کو فیصلہ: قومی تحقیقاتی ادارہ بھی ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا مخالف
ممبئی ،22ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)مہاراشٹر کے مسلم گنجا ن آبادی والے شہر مالیگاؤں میں سال 2008 میں ہونے والے بم دھماکہ معاملے کے کلیدی ملزم لفٹنٹ کرنل شریکانت پروہیت کی قسمت پر آج فیصلہ متوقع تھا اور اس مناسبت سے کرنل پروہیت کے اہل خانہ اور میڈیا کے نمائندے ایک بڑی تعداد میں ممبئی کی سیشن عدالت میں واقع خصوصی این آئی اے عدالت کے اطراف میں موجود تھے لیکن جج نے فیصلہ صادر کرنے کے لیئے 26؍ ستمبر کا دن متعین کردیا ، البتہ جج نے کرنل پروہیت کی ضمانت عرضداشت پر فیصلہ لکھنے کا عمل شروع کردیا ہے ۔موصولہ ذرائع کے مطابق ممبئی کی خصوصی NIAعدالت کے جج ایس ڈی ٹیکولے کے سامنے فریقین اور مداخلت کار کے وکلاء کی بحث کا گذشتہ ہفتہ ہی اختتام عمل میںآیا تھا جس کے عدالت نے فیصلہ ظاہر کرنے کیلئے کل کی تاریخ متعین کی تھی۔ایک جانب جہاں کرنل پروہیت نے عدالت کو بتایا تھاکہ اس کے خلاف مقدمہ قائم کرنے کیلئے ضروری ”اجازت نامہ” (سینکشن) قانون کے مطابق نہیں ہے

اور اس میں بہت سی خامیاں ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہیکہ تحقیقاتی دستہ نے اس اس معاملے میں جبراًپھنسایا ہے وہی دوسری جانب متاثرین کی ایماء پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی )کے ذریعہ مداخلت کار بنے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کے سامنے پختہ ثبوت وشواہد موجود ہیں کہ ان دھماکوں کی سازش میں کرنل پروہیت دیگر ملزمین کے ہمراہ ملوث تھا ۔تحقیقاتی دستہ NIA کے وکیل نے بھی کرنل پروہیت کو ضمانت پر نا رہا کیئے جانے کی عدالت سے درخواست کی ہے اور فرد جرم میں اس کے خلاف موجود ثبوت وشواہد عدالت کے سامنے پیش کیئے ہیں۔سمجھوتہ ایکسپریس کے کلیدی ملزم سوامی اسیمانند کی مشروط ضمانت پر رہائی سے کرنل پروہیت کے وکلاء بھی پرامید ہیں کہ ان کے موکل کو بھی عدالت ثبوتوں کی عدم دستیابی کی بنیاد پر ضمانت پر رہا کرے گی کیونکہ مقدمہ درج ہوئے تقریباً آٹھ سال کو طویل عرصہ گذرچکا ہے اوربتک مقدمہ کی سماعت شروع نہیں ہوئی ہے ۔قانونی ماہرین کا کہنا ہیکہ یہ خصوصی این آئی اے جج کیلئے بہت اہم فیصلہ ہوگا اور انہیں بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا پڑے گا کیونکہ مداخلت کار، استغاثہ اور ملزم کے وکلاء نے عدالت کے سامنے ایک طویل بحث کی اور سو سے زائد مختلف عدالتوں کے فیصلے پیش کیئے ہیں جن کی روشنی میں جج کو فیصلہ کرنا ہے ۔قانونی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہیکہ کرنل پروہیت کو دوران تحقیقات استغاثہ کے ذریعہ کی گئی تکنیکی خامیوں کا فائدہ مل سکتا ہے لیکن مداخلت کارو استغاثہ کے ذریعہ ملزم کے خلاف موجود ثبوت وشواہد عدالت میں پیش کیئے جانے کے بعد جج کو اسے نظر انداز کرکے فیصلہ کرنا نہایت مشکل امر ہوگا ۔

سعودی شاہ اور عوام کو قومی دن کے موقع پر
صدر جمہوریہ ہند کی مبارکباد
نئی دہلی، 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر پرنب مکھرجی نے سعودی شاہ اور عوام کو اپنے قومی دن کے موقع پر مبارکبادی اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام اپنے پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ ” مجھے بے حد مسرت ہے کہ حکومت ہند ، عوام اور اپنی جانب سے آپ کے قومی دن کے موقع پر آپ کی خدمت میں اور سعودی عرب کی دوستانہ مزاج عوام کو پرخلوص مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کروں۔