مالے۔22فبروری( سیاست ڈاٹ کام) مالدیپ کے سابق صدر اور اپوزیشن لیڈر محمد نشید کو آج انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے 2012ء میں مبینہ طور پر ایک سینئر جج کو گرفتار کرنے کا حکم دیا جس کے بعد جزیرہ نما ملک میں تشدد پھوٹ پڑا تھا ۔ مالدیپ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر نشین علی وحید نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ محمد نشید کو آج 2:45بجے گرفتار کیا گیا ۔ ملک کے پہلے جمہوری طور پر منتخبہ لیڈر کی دہشت گردی کے الزامات پر گرفتاری عمل میںآئی ۔ کریمنل کورٹ نے اُن کے خلاف وارنٹ جاری کرتے ہوئے یہ اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ سابق صدر قانونی چارہ جوئی سے فرار اختیار کرسکتے ہیں ۔ اس مقدمہ کی پہلی سماعت کل ہوگی ۔