مالدیپ میں مستقل امریکی ٹھکانے کی قیاس آرائیاں مسترد

واشنگٹن 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے مالدیپ میں امریکی افواج کا مستقل ٹھکانہ بنائے جانے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔ اس طرح کی رپورٹس میڈیا میں گشت کررہی تھیں کہ مالدیپ میں تشکیل دی گئی نئی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدہ پر دستخط نہ کئے جائیں۔ دریں اثناء پنٹگان ترجمان لیفٹننٹ کرنل جیفری پول نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ نے کبھی ماضی میں اور نہ اب اس بات پر غور کیاکہ وہ مالدیپ میں اپنا مستقل فوجی ٹھکانہ بنانا چاہتا ہے۔ البتہ کچھ زمرے ایسے ہیں جہاں امریکہ اور مالدیپ کے درمیان قریبی دفاعی تعلقات قائم ہیں۔ یاد رہے کہ مسٹر جیفری سے یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ مالدیپ کے نئے صدر عبداللہ یامین نے واضح کردیا ہے کہ امریکہ کی تجویز کے مطابق کسی دفاعی معاہدہ پر دستخط نہ کئے جائیں جس کا جواب دیتے ہوئے مسٹر جیفری نے یہ بات کہی۔