مالدہ میں سڑک حادثات ، 18افراد ہلاک

مالدہ۔/11فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کے ضلع مالدہ میں قومی شاہراہ نمبر 34پر پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں 18افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس حادثہ کے بعد مذکورہ قومی شاہراہ کو بند کردیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ قومی شاہراہ 34 پر 16افراد اسوقت ہلاک ہوگئے جب ایک کار کا سامنے سے آنے والی ٹرک سے تصادم ہوگیا۔جبکہ دوسرے دو افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب ضلع گجول میں ترکاری سے لدی ہوئی پک اَپ ویان ایک ٹھہرے ہوئے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

پولیس کے مطابق مہلوکین میں 15مرد اور ایک بچہ شامل ہے۔ یہ حادثہ صبح 7:30بجے پیش آیا جس میں 13افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ تین افراد اسوقت جانبر نہ ہوسکے جب انہیں ہاسپٹل منتقل کیا جارہا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ مہلوکین مالدہ کے قریب شاہ پور میں شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد اپنے گھر ضلع شمالی دیناج پور واپس ہورہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ مہلوکین کو فی کس دو لاکھ روپئے ایکس گریشیا دیا جائے گا۔تاہم زخمیوں کے تعلق سے کچھ کہا نہیں گیا ہے۔ان زخمیوں کو مقامی ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے جہاں وہ زیر علاج ہیں۔