ماقبل یوم آزادی وادی کشمیر میں زبردست سیکوریٹی

سرینگر ۔ 13 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وادی کشمیر میں یوم آزادی کے پیش نظر تمام اہم تنصیبات پر سیکوریٹی میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے اور عوام کے علاوہ گاڑیوں کی جانچ پڑتال میں بھی شدت پیدا کردی گئی ہے تاکہ یوم آزادی تقریبات کو درہم برہم کرنے عسکریت پسندوں کے کسی بھی منصوبہ کو ناکام بنایا جاسکے ۔ عہدیداروں کے مطابق سرحدپار سے دراندازی کے کئی واقعات کو ناکام کیا جاچکا ہے ۔ دوسری طرف پاکستان جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے جس سے یہ اندیشے پیدا ہوگئے ہیں کہ یوم آزادی کے موقع پر عسکریت پسند گڑبڑ پیدا کرسکتے ہیں ۔ یوم آزادی تقریبات کے اہم مرکز بخشی اسٹیڈیم کو پولیس چھاونی میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں سی آر پی ایف کی جمعیتوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ دوسری طرف شہر میں چیکنگ کے مختلف مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ خصوصی طور پر سرینگر میں داخلہ کے مقام پر سیکوریٹی میں قابل لحاظ اضافہ کیا گیا ہے ۔