بیجنگ ۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ماہرین آثار قدیمہ نے ماقبل تاریخ کے ایسے 97 انسانوں کی باقیات دریافت کی ہیں جنہیں ایک 5000 سال قدیم مکان میں ٹھونس دیا گیا تھا جن کے بارے میں یہ کہا جارہا ہیکہ وہ تمام کسی مہلک وباء کا شکار ہوکر فوت ہوگئے تھے۔ بچوں کے علاوہ نوجوان اور عمر رسیدہ افراد کی باقیات بھی ان میں شامل ہیں جنہیں ایک ایسے مکان میں جس کا رقبہ عصری زمانے کے ایک اسکواش کورٹ سے زیادہ نہیں ہوسکتا، ایک ساتھ ٹھونس دیا گیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہیکہ ماقبل تاریخ شمال مشرقی چین میں کسی مہلک بیماری نے وباء کی شکل اختیار کرلی ہوگی جس کا شکار ہوکر یہ تمام لوگ فوت ہوئے ہوں گے۔ ان کی نعشوں کو ایک ہی کمرے میں ٹھونس کر نذرآتش کردیا گیا تھا۔ ’’لائیو سائنس‘‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس زمانہ کا ہوکستا ہے جب بنی نوع انسان نے لکھنا پڑھنا نہیں سیکھا تھا اور موجودہ زمانے کے برعکس انتہائی تنگ مقامات پر رہائش اختیار کرتے تھے۔ غذا کے لئے زراعت اور جانوروں کا شکارکرتے تھے ۔