ماضی کی کانگریس حکومت پریٹالہ راجندر کے ریمارکس پر جانا ریڈی کی برہمی

وزیر فینانس کی نکتہ چینی اسمبلی ریکارڈ سے حذف کے بعد حالات بحال
حیدرآباد۔/14نومبر، ( سیاست نیوز) قائد اپوزیشن جانا ریڈی اسمبلی میں آج اس وقت برہم ہوگئے اور ایوان سے چلے جانے کی دھمکی دی جب وزیر فینانس ای راجندر نے کانگریس اور سابق حکومت کے بارے میں قابل اعتراض ریمارک کیا۔ بجٹ پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے مختلف مسائل کے سلسلہ میں سابق حکومتوں کے رویہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے بعض قابل اعتراض ریمارکس کئے۔ اگرچہ اس موقع پر ایوان میں کانگریس کے دیگر ارکان موجود تھے لیکن انہوں نے خاموشی اختیار کرلی تاہم ایوان کے باہر موجود جانا ریڈی یہ سنتے ہی ایوان میں داخل ہوئے اور وزیر فینانس کے ریمارک پر سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر فینانس کو اپنے ریمارکس واپس لیتے ہوئے معذرت خواہی کرنی چاہیئے ورنہ کانگریس پارٹی ان کا جواب سنے بغیر ایوان سے نکل جائے گی۔ جانا ریڈی کی اس برہمی کو دیکھتے ہوئے وزیر فینانس نے ڈپٹی اسپیکر پدمادیویندر ریڈی سے کہا کہ وہ اسمبلی ریکارڈ سے ان کے ریمارک کو حذف کردیں۔ انہوں نے قابل اعتراض ریمارکس سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے جانا ریڈی کی برہمی کو دور کردیا۔