ماسکو، 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) روس کے دارالحکومت ماسکو کے قیام کی 867 ویں سالگرہ کے سلسلے میں دو روزہ تقریبات شروع ہو گئی ہیں۔ اس موقع پر ماسکو کے شہریوں نے سڑکوں پر رقص کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ سالگرہ کے موقع پر شہر میں عام تعطیل ہے۔ ماسکو کی مرکزی تورسکایا اسٹریٹ جو کہ حکومتی مرکز کریملن کو جاتی ہے، تقریبات کا محور ہے۔ یہ سڑک عام ٹریفک کیلئے بند ہے اور لوگ مختلف قسم اور رنگوں کے لباس پہنے سڑک پر ناچ گا کر اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے شہر کے پارکوں کا رخ کیا اور ہر طرف سے ’’آئی لوو ماسکو‘‘ کی آوازیں آ رہی ہیں ۔ دوسری عالمی جنگ میں ماسکو والوں نے جرمنی کو اپنے شہر پر قبضہ کرنے سے نہ صرف باز رکھا تھا بلکہ ان کی اس جرأت کے سبب عالمی طاقتوں کیلئے جرمنی کو زیر کرنے میں بھی آسانی ہو گئی تھی۔