ماسکو میں طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی

ماسکو۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ماسکو میں آج زبردست طوفان آیا جس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہوگئی جبکہ شہریوں کو بروقت انتباہ دینے سے قاصر رہنے پر عوام نے عہدیداروں کے خلاف اظہار برہمی کیا۔ مہلوکین ،عمر کے مختلف زمروں بشمول نابالغ بچوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ دو چھوٹے بچوں کے سر زخمی ہوگئے ۔ قبل ازیں عہدیداروں نے کہا تھا کہ 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کی وجہ گرنے والے درخت، باڑ، بس اسٹاپس اور چھتوں کا انہدام ہے۔ 80 کیلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے اچانک آندھی چلنا شروع ہوگئی جس سے ہزاروں درخت گر پڑے اور کاروں کو نقصان پہنچا۔ روسی محکمہ موسمیات نے کہا کہ روس کے وسطی علاقہ میں طوفان آنے کا اندیشہ ہے۔ عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔