ماسکو ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) روسی حکومت نے کینیڈا کے ایک اعلیٰ سفارت کار کو ملک سے نکل جانے کا حکم دے دیا ہے۔ اس سے قبل یوکرین کے معاملے پر کینیڈا نے ایک روسی سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ ماسکو حکومت نے کینیڈا کے سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری آف امیگریشن کو ملک چھوڑنے کے احکامات دیے۔ رواں ماہ کے آغاز پر کینیڈا کی حکومت نے اوٹاوا میں قائم روسی سفارت خانے کے ملٹری اتاچی کو ملک سے نکل جانے کا کہا تھا۔
شمالی کوریا کو امریکہ کا انتباہ
واشنگٹن ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کی جانب سے نئے جوہری تجربے کی منصوبہ بندی سے متعلق رپورٹوں کے بعد امریکہ نے کہا ہے کہ وہ جزیرہ نما کوریا کا باریکی سے جائزہ لے رہا ہے اور پیونگ یانگ پر زور دیا کہ ایسے اقدامات سے پرہیز کیا جائے، جن سے خطے کے امن و امان کی صورتحال منفی طور پر متاثر ہو۔ جنوبی کوریا میں گزشتہ روز نشر کردہ رپورٹوں میں سیول حکومت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا میں اْس مقام پر اضافی سرگرمیاں دیکھی گئی ہیں۔