یکم جون سے باقاعدہ تعلیم کا آغاز، مختلف پیشہ وارانہ کورسیس کی سہولت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے گریٹر حیدرآباد حدود میں لڑکیوں کے لیے پہلے گورنمنٹ پالی ٹیکنیک کالج کا ماریڈ پلی ( سکندرآباد علاقہ ) میں قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کالج کا یکم جون سے باقاعدہ طور پر آغاز ہوجائے گا ۔ پرنسپال گورنمنٹ گرلز پالی ٹیکنیک کالج مسٹر نرسیا گوڑ نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس نئے کالج میں کمپیوٹر لیاب ، انگلش لیاب ، ٹیوٹوریلس ، لائبریری ، و دیگر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ اس نئے گورنمنٹ گرلز پالی ٹیکنیک کالج کا موجودہ گورنمنٹ پالی ٹیکنیک کالج ماریڈپلی کے احاطہ میں ہی قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور اس گرلز پالی ٹیکنیک کالج میں فی الوقت کمپیوٹر انجینئرنگ ، سیول انجینئرنگ ، الیکٹرانک انجینئرنگ اور ہوم سائنس کورسیس رکھے گئے ہیں ۔ ہر ایک کورس میں نشستوں کی تعداد 60 ہوگی ۔ اس نئے گورنمنٹ گرلز پالی ٹیکنیک کالج میں داخلوں کے لیے ماہ مئی کے دوسرے ہفتہ میں کونسلنگ کے ذریعہ رینکس حاصل کئے ہوئے طالبات کو داخلے دئیے جائیں گے ۔ مسٹر نرسیا گوڑ نے مزید بتایا کہ اس کالج میں طالبات کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا دیگر اسٹاف کے ساتھ تفصیلی جائزہ لیا اور بتایا کہ یکم جون سے کلاسیس کا باقاعدہ طور پر آغاز کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جارہے ہیں ۔۔