مارچ کے پہلے ہفتہ سے ہاف ڈے اسکول !

حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرمی میں اضافہ کے ساتھ ہی اسکولوں کو نصف دن سے کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے توقع ہے کہ مارچ کے پہلے ہفتہ سے ہی ہاف ڈے اسکولس کے لئے شیڈول جاری کیا جائے گا۔ عموماً ہاف ڈے اسکول کا سسٹم مارچ کے تیسرے ہفتے سے اطلاق عمل میں آتا ہے لیکن اِس سال گرمی کی وجہ سے پیشگی اقدام کیا جارہا ہے۔ ہر سال 15 مارچ سے ہاف ڈے اسکول سسٹم تھا لیکن اِس سال ایک ہفتہ قبل ہی اسکولوں کو نصف دن تک چلانے کا امکان ہے۔ اِس تجویز کو محکمہ تعلیم نے حکومت کی منظوری کے لئے روانہ کیا ہے۔ تلنگانہ بھر میں زایداز 40 ہزار سرکاری امدادی اور خانگی اسکولوں میں تقریباً 58 لاکھ طلبہ زیرتعلیم ہیں۔ 28 فروری تک اِن اسکولوں میں کلاس اول سے نویں کے لئے نصاب کی تکمیل کی ہدایت دی گئی ہے اور اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریویژن کا بھی اہتمام کریں۔ امتحانات کا 16 مارچ سے شیڈول جاری کیا جائے گا۔ تمام اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 28 فروری سے قبل دسویں جماعت کے طلبہ کے لئے پری فائنل امتحانات مکمل کرلیں۔ تمام اسکولوں کو 13 اپریل سے 31 مئی تک گرمائی تعطیلات رہیں گی اور سال 2019-20 ء کے تعلیمی سال کا یکم جون سے آغاز ہوگا۔