واشنگٹن ۔23 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے کہا کہ مارچ میں وہ چین کے صدر ژی جن پنگ سے ملاقات کریں گے ۔ جن پنگ سے ملاقات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ٹرمپ نے جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے کہاکہ شاید جلد ہی مارچ میں فلوریڈا کے مار۔ اے ۔لاگو ریزورٹ میں یہ ملاقات ہوگی۔ امریکہ۔ چین کے درمیان تجارتی مذاکرات کا تازہ ترین دور واشنگٹن میں چل رہا ہے کیونکہ دونوں فریق مارچ کی ٹیرف ڈیڈ لائن سے پہلے تجارتی معاہدے پر پہنچنے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔تجارتی مذاکرات کے تحت ٹرمپ نے جمعہ کو چین کے نائب وزیر اعظم لوئی سے ملاقات کی۔ دونوں نے صحافیوں سے کہا کہ انہیں امید ہے کہ امریکہ اور چین جلد ہی ایک تجارتی معاہدے پر پہنچیں گے۔غور طلب ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان گزشتہ سال جون سے ہی تجارتی جنگ چل رہی ہے ۔