پارلیمنٹ میں بل منظور کرنے پر زور ، تلنگانہ مادیگا دنڈورا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ مادیگا دنڈورا نے ریاستی و مرکزی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مادیگا طبقہ کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرتے ہوئے انہیں ریزرویشن کیٹگیری کی زمرہ بندی سے متعلق پارلیمنٹ میں بل منظور کری تاکہ ہر اعتبار سے پسماندہ مادیگا طبقہ کی ترقی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اس بات کا اعلان آج یہاں ریاستی صدر تلنگانہ مادیگا دنڈورا مسٹر جی ملکارجن ، ریاستی صدر مسٹر ڈی شیام سندر اور پبلسٹی سکریٹری مسٹر ایس لنگم نے منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں مادیگا طبقہ کی کل آبادی زائد از 70 لاکھ ہے اسی بنیاد پر مادیگا طبقہ کو 12 فیصد تحفظات دینے کا مطالبہ کیا جارہاہے جو حق بجانب ہے اور ساتھ ہی ساتھ مادیگا طبقہ کی ریزرویشن کیٹگیری میں زمرہ بندی بھی کی جائے تاکہ پچھڑے ہوئے مادیگا طبقہ میں پائی جانے والی تعلیمی اور معاشی پسماندگی کے خاتمہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ مادیگا طبقہ کے ساتھ انصاف کرنے کا گذشتہ 25 تا 30 سالوں سے مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ جس کی تکمیل کے لیے موجودہ ریاستی اور مرکزی حکومتوں سے امیدیں وابستہ ہیں ۔ اس موقع پر مادیگا دنڈورا قائدین مسرز ایم ملیشم مادیگا ، گونڈے دیوا داس مادیگا ، پی اوپندر مادیگا ، کے کرشنامادیگا بھی موجود تھے ۔۔