بیروت ۔ 30 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) شام کے زیرکنٹرول ٹاؤن مادیا میں فاقہ کشی سے مزید 16 افراد فوت ہوگئے ۔ امدادی قافلہ کے اس ماہ ٹاؤن میں پہونچنے کے بعد یہ تازہ واقعہ ہے ۔ ڈاکٹروں نے یہ بات بتائی ۔ انسانی حقوق گروپ نے انتباہ دیا ہے کہ اس علاقہ میں شدید فاقہ کشی کی صورتحال پائی جاتی ہے ۔ فوری اقدامات نہ کرنے کی صورت میں مزید اموات کا اندیشہ ہے۔ تازہ اموات کے ساتھ ہی ڈسمبر سے مادیا میں مرنے والوں کی تعداد 46 ہوگئی ۔ دمشق صوبہ میں واقع مادیا حکومت کے محاصرہ میں ہے اور اس ٹاؤن کی قسمت کا دارومدار تازہ امن مذاکرات پر ہے ۔ کئی دنوں کی تاخیر کے بعد جمعہ کے دن امن مذاکرات کا آغاز ہوا ہے ۔ شام کی اپوزیشن نے اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل قرارداد پر عمل آوری پر زور دیا ہے تاکہ ملک میں محاصرہ کا خاتمہ ہوسکے ۔ نئی بات چیت کا آغاز کرنے سے قبل اقوام متحدہ قرارداد پر عمل آوری ضروری ہے ۔ اس معاہدہ کے باوجود اقوام متحدہ اور دیگر امدادی گروپس کی مادیا تک رسائی محدود ہی ہے ۔ اس ٹاؤن کی صورتحال دن بہ دن ابتر ہورہی ہے ، یہاں تقریباً 42,000 شہری ہیں جنھیں حکومت کی فوج نے گھیرے میں لے لیا ہے ۔