بصیرت افروز شخصیت نے کئی ذہنوں کو منور کیا:آر ایس ایس
نئی دہلی 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو آج انتہائی پُر اثر الفاظ میں زبردست خراج عقیدت ادا کیا اور کہا کہ ان کے گذر جانے سے ملک اپنے ایک عظیم ترین سپوت سے محروم ہوگیا ہے۔ آر ایس ایس نے اپنے تعزیتی پیام میں عبدالکلام کو ملک کے نامور اور اولین ترین سائنسدانوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ یہ ایک ایسی بصیرت افروز شخصیت تھی جس نے بے شمار ذہنوں کو منور کیا اور یہ بھی کہا کہ ایک غیر معروف چھوٹے بچے نے ترقی کے مدارج طئے کرتے ہوئے ملک کے صدر جمہوریہ کے جلیل القدر منصب تک رسائی حاصل کی جو اس سپوت کی غیر معمولی جراء ت ‘ اولوالعزمی ‘ استقلال و استقامت کے علاوہ بہتر سے بہترین تک رسائی کی بے پناہ جستجو کی ایک منہ بولتی داستان ہے۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت اور جنرل سکریٹری سریش (بھیا) جوشی نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی پیام میں کہا کہ ’’ڈاکٹر عبدالکلام کے انتقال پر سارے ملک کے گہرے صدمہ میں شامل ہوتے ہوئے ہم بھی غمزدہ ارکان خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور خدائے برتر سے دعاء گو ہے کہ اُن کی روح کو سکون پہنچائے ‘‘۔ آر ایس ایس سربراہ اور جنرل سکریٹری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اُن (عبدالکلام )کی زندگی کی کہانی اور پھر ہماری میزائیلوں اگنی ‘پرتھوی ‘ آکاش ‘ ترشول اور ناگ کی داستانیں ایسی ہیں جنہوں نے ہمارے ملک کو بین الاقوامی برادری میں شامل بڑی میزائیل طاقتوں کی صف میں کھڑا کردیا۔ ڈاکٹر عبدالکلام کو بھارت کے مالا مال ثقافتی ورثے پر بھرپور اعتماد تھا اور ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر کامل بھروسہ تھا جو چاہتے تھے کہ بھارت ایک بھرپور معلومات رکھنے والے سماج اور ایک با اختیار ملک کی حیثیت سے ابھرے۔