حیدرآباد۔/20مارچ، ( سیاست نیوز) اردو کو ذریعہ تعلیم نہ بناتے ہوئے انگلش میڈیم میں اسکولی سطح پر زبان اول اردو پڑھ کر اردو زبان سیکھ سکتے ہیں۔ اس زبان کو جو ہماری مادری زبان ہے فروغ دینا، استحکام اور بقاء کیلئے سب سے پہلی اور بڑی ذمہ داری اردو والوں کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اردو کے ماہرین اور دانشوروں نے یہاں منعقدہ اردو کنونشن میں کیا جو اردو اکیڈیمی جدہ اور کانفیڈریشن آف میناریٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس کے باہمی اشتراک سے اردو مسکن خلوت کے آڈیٹورم میں منعقد ہوا تھا۔ مہمان خصوصی صدر اردو اکیڈیمی جدہ جناب سید جمال اللہ قادری نے کہا کہ اردو میڈیم اسکولس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی ضروریات کی تکمیل کیلئے ان کی تنظیم کام کررہی ہے تاہم اردو کی ترقی کے انگریزی میڈیم میں پڑھنے والے طلبہ کو اردو مضمون پڑھاتے ہیں۔ہر اسکول میںجس کا ذریعہ تعلیم انگلش ہو اگر وہ زبان اول مادری زبان (اردو ) کو لازمی کردیں تولاکھوں طلبہ اردو پڑھیں گے اور سیکھیں گے۔ ڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی نے تاریخ کے حوالہ سے اردو کی زبوں حالی بیان کرتے ہوئے سماج کے بااثر حضرات بالخصوص تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتے ہوئے اردو زبان کی تعلیم بھی دلوائیں۔ ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد نے اردو زبان کے فروغ پر مقالہ پیش کیا اور اردو اکیڈیمی کے خدمات کے حوالہ سے اردو مدارس اور کالجس کے طلبہ کو درسی کتب وقت پر فراہم نہ کرنے کی بات کہتے ہوئے کہا کہ تلگواکیڈیمی یہ کام کررہی ہے۔ اردو اکیڈیمی تلنگانہ بھی انٹر میڈیٹ کے درسی کتب تیار کررہی ہے۔ اردو کیلئے کئی شخصیتوں نے کام کئے اور انجمنیں کام کررہی ہیں ، یہ کاوشیں جاری رہنے کی ضرورت ہے۔ جناب اقبال احمد انجینئر نے نئی نسل کو اپنی مادری زبان کو صرف بولنے تک محدود نہ رکھنے بلکہ اس پر عبور حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ صدر کومی مسٹر ایم ایس فاروق نے اردو زبان کی بقاء کیلئے مختلف تجاویز پیش کی۔ اس موقع پر جناب خلیل الرحمن سکریٹری کانفیڈریشن آف میناریٹی انسٹی ٹیوشنس نے خیرمقدم کرتے ہوئے پروگرام کے مقاصد بتائے۔ اردو صحافتی شعبہ میں دیرینہ خدمات انجام دینے والی شخصیات میںروز نامہ سیاست کے بیورو چیف جناب سید شہاب الدین ہاشمی، ایڈیٹر گواہ فاضل حسین پرویز ( رہنمائے دکن ) طاہر رومانی ( منصف ) نصر اللہ خاں ( دکن نیوز) انیس الرحمن ای ٹی اردو، ایم اے حمید دکن ریڈیو، محمد فاروق ساکشی، حسام الدین ( ٹی وی99) روبی ٹی وی، پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا کیلئے اعزازات کے علاوہ حیدرآباد کے 50،50 اردو ٹیچرس اور اردو طلبہ کو ایوارڈس عطاء کئے گئے۔ اعزازی مہمانان خلیق الرحمن، احمد بشیر الدین فاروقی، نصیر اللہ شریف، ظفر اللہ فہیم کے علاوہ مختلف اسکولس کے ذمہ داروں اور کومی کے ارکان شریک تھے۔ ان میں محمد علی رفعت، ڈاکٹر تقی الدین، ذکی الدین، منظور احمد، بدر بن عبداللہ، حامد محمد خان، محمد شکیل، محمد سلطان، وقار خالد، محمد معید اور دیگر شامل ہیں۔ محمد مستان نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ محمد ادریس شریف نے معاونت کی۔ آخر میں اسکول کے طالبات کے قومی ترانہ پرکنونشن کا اختتام ہوا۔ محمد مستان کنوینر نے شکریہ ادا کیا۔