کراکس ۔5 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وینزویلا میں اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ جوآن ریکسن کو صدر نکولس مادرو کے قتل کی سازش رچنے کے الزام میں 30 سال کی سزا ہو سکتی ہے ۔وینزویلا کے ایڈووکیٹ جول گارسیا نے بدھ کوخبر رساں ایجنسی اسپوتنک کو بتایا کہ مادرو کے قتل کی سازش کیس کی سماعت 18 دسمبر کو ہوگی۔ انہوں نے کہا‘‘ریکسن پر وینزویلا کے صدر کے قتل کی سازش رچنے کا الزام ہے ۔اپوزیشن لیڈر پر غداری، مجرمانہ سازش، دہشت گردی، غیر قانونی طور پر ہتھیار اور گولہ بارود رکھنے کا بھی الزام ہے ’’۔4اگست کو ایک فوجی پروگرام میں مسٹر مادرو پر ڈرون کے ذریعہ دھماکہ کرکے حملے کو انجام دیا گیا تھا۔ مسٹر مادرو حملے کے وقت پروگرام سے خطاب کر رہے تھے ۔ حملہ میں اگرچہ مسٹر مادرو کو کوئی نقصان نہیں پہنچا،لیکن بہت سے فوجی جوان زخمی ہو گئے تھے ۔مسٹر مادرو پر حملہ کے الزام میں ریکسن سمیت کل 14 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ واقعہ میں شامل 20 دیگرافراد اب بھی مطلوب ہیں۔