حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ماحولیات کے تحفظ پر عوام میں شعور بیداری کے لیے عالمی سطح پر سیکل پر دورہ کرنے والا جوڑا منادر کے شہر بھدرا چلم پہنچ گیا ہے ۔ یہاں اس بات کا ذکر بے جا نہ ہوگا کہ یہ جوڑا ہندوستان کے مختلف ریاستوں سے ہوتے ہوئے یہاں پہونچا ہے ۔ اس جوڑے کا تعلق فرانس سے ہے ۔ جاگی یاجو اور ان کی اہلیہ عالم گیر سطح پر سائیکل پر سفر کرتے ہوئے عوام میں ماحولیات کے تحفظ پر شعور بیدار کررہے ہیں ۔ جنہوں نے تاحال مختلف ریاستیں جیسے جموں و کشمیر ، اترپردیش ، آسام ، ناگالینڈ ، میگھالیہ ، مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ اور آندھرا پردیش ریاستوں کا دورہ مکمل کرلیا ہے ۔ اس جوڑے نے دورہ کا اہم مقصد بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 3 ستمبر 2017 سائیکل پر سفر کا آغاز کیا ۔ جس کا مقصد عوام کو ماحولیات کے تحفظ پر شعور بیدار کرنا ہے ۔ قبل ازیں انہوں نے چین ، منگولیہ اور روس کا بھی اسی مقصد کے تحت دورہ مکمل کیا ہے ۔۔