ماحولیات کا تحفظ ہر شہری کی ذمہ داری

مستقبل میں برقی شرحوں میں کمی ممکن ، وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد 5 جون (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راو نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تلنگانہ میں برقی کی شرحوں میں کمی آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے موسم گرما میں برقی کٹوتی کے بغیر مناسب برقی سربراہی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ گذشتہ کئی برسوں سے موسم گرما میں شہری اور دیہی علاقوں میں برقی کٹوتی کا رواج عام تھا لیکن تلنگانہ ریاست کے قیام کے پہلے ہی سال چندرا شیکھرراو نے برقی بحران پر نہ صرف قابو پایا بلکہ ریاست کو برقی کٹوتی سے نجات دلائی ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دو برسوں میں تلنگانہ برقی کے شعبہ میں خود مکتفی ریاست کا درجہ حاصل کرلے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کئی نئے برقی پراجکٹس کے قیام کا فیصلہ کرچکی ہے ۔ ہریش راو نے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق تقریب میں حصہ لیا اور کہا کہ ماحولیات کا تحفظ ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی سے نجات کیلئے ہر شہری کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول اور پاکیزگی بہترین صحت کی ضامن بن سکتی ہے ۔ ہریش راو نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے سابقہ حکومتوں نے برقی شرحوں میں ہمیشہ اضافہ کیا لیکن اب یہ صورتحال تبدیل ہوجائے گی ۔ تلنگانہ حکومت اپنے وسائل کے ذریعہ برقی تیار کررہی ہے لہذا آنے والے دنوں میں برقی کی شرحوں میں کمی واقع ہوگی۔ ہریش راو نے کہا کہ سرکاری اراضیات پر غریب خاندانوں کو اراضی کے پٹہ جات کی فراہمی کی اسکیم کے تحت ایک لاکھ 25 ہزار افراد میں پٹہ جات کی تقسیم کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ 10 ہزار کروڑ مالیت کی یہ اراضی غریبوں میں تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں موصولہ درخواستوں کی جانچ کا کام جاری ہے اور مابقی درخواستوں کی دوسرے مرحلے میں یکسوئی کردی جائے گی۔