حملہ آوروں اور گواہوں میں صلح پر عدالت کا فیصلہ
احمد آباد۔/3فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) گاندھی نگر کی ایک عدالت نے مابعد گودھرا فسادات کیس میں تمام 28 ملزمین کو ناکافی ثبوت کی بناء پر بری کردیا ہے۔ عدالت نے جن ملزمین کو بری کیا ہے ان میں موجودہ صدرنشین کلول ناگرک سہکاری بینک گویند پٹیل بھی شامل ہیں۔ جبکہ تمام ملزمین عرصہ دراز سے ضمانت پر قید سے باہر ہیں۔ ضلع گاندھی نگر میں کلول تعلقہ کے موضع پلیاڈ میں 28فبروری2002 کو اقلیتوں کی املاک پر حملے، آتشزنی اور دنگا فساد کے الزام میں 28افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ ایک دن قبل گودھرا ریلوے اسٹیشن پر ایک ٹرین کو آگ لگادینے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اقلیتوں کی جائیدادوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ 250 افراد پر مشتمل ہجوم نے پلیاڈ میں ایک درگاہ کو بھی شہید کردیا تھا جس پر پولیس نے 28 ملزمین کے نام ایف آئی آر میں درج کئے تھے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج بی ڈی پٹیل نے 31جنوری کو فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے یہ نشاندہی کی کہ ملزمین کے خلاف خاطر خواہ ثبوت دستیاب نہیں ہوسکے کیونکہ تمام گواہان اپنے بیانات سے انحراف کرتے ہوئے یہ ادعا کیا کہ وہ حملہ آوروں کی شناخت سے قاصر ہیں جوکہ ہجوم کا ایک حصہ تھے۔ علاوہ ازیں گواہوں نے عدالت میں کہا تھا کہ انہیں کسی سے مخاصمت نہیں ہے اور فی الحال ملزمین کے ساتھ انہوں نے صلح صفائی کرلی ہے۔ قبل ازیں عدالت میں بحث کے دوران وکیل دفاع بھویش راول نے یہ اطلاع دی تھی کہ ملزمین نے پہلے ہی بھائی چارہ اور ہم آہنگی قائم کیلئے اقلیتی فرقہ کو نقصانات کی پابجائی کردی ہے۔ واضح رہے کہ گودھرا ریلوے اسٹیشن پر 27فبروری 2002 کو سابرمتی اکسپریس کی ایس 6 کوچ کو آگ لگادینے کے واقعہ میں 58 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس واقعہ پر گجرات میں خوفناک فرقہ وارانہ فسادات بھڑک اٹھے تھے جس میں تقریباً ایک ہزار افراد ماردیئے گئے تھے۔