نئی دہلی ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج گجرات میں مابعد گودھرا فسادات سے متعلق 9 مقدمات کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اسپیشل انوسٹیگیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) ان مقدمات کی تحقیقات کررہی ہے جس نے چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو کلین چٹ دیا۔ جسٹس ایچ ایل دتو، جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی اور جسٹس ایم وائی اقبال پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ان مقدمات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے اور 9 کے منجملہ 6 کی تحقیقات پوری ہوگئی اور مابقی تین مقدمات بھی قطعی مرحلہ میں ہیں۔ بنچ نے مقدمات کی پیشرفت پر ایس آئی ٹی کی جانب سے 27 فبروری کو دائر کردہ رپورٹ کا جائزہ لیا۔ بنچ نے یہ بات نوٹ کی کہ ان مقدمات میں قانونی چارہ جوئی یومیہ اساس پر جاری رکھنے کا تیقن دیا گیا ہے لہٰذا مزید کسی ہدایت کی ضرورت نہیں ہے اور آئندہ سماعت 26 اگست کو مقرر کی ہے۔ سپریم کورٹ 9 مقدمات کی نگرانی کررہی ہے۔ قومی انسانی حقوق کمیشن اور دیگر این جی اوز کی جانب سے ان مقدمات کی تحقیقات میں خامیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کے بعد سپریم کورٹ نے ازخود نگرانی کا فیصلہ کیا تھا۔ مابعد گودھرا فسادات 2002ء میں تقریباً 2 ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔