مائیک پومپیو کا آئندہ ہفتہ اولین دورہ روس

کئی باہمی اور اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کا امکان
واشنگٹن 11 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو آئندہ ہفتے اپنے اولین دورہ روس پر روانہ ہونگے جہاں وہ وزیر خارجہ روس سرگئی لاروف کے علاوہ روسی صدر ولادیمیر پوٹین سے بھی ملاقات کرینگے ۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے کے علاوہ اسلحہ پر کنٹرول ‘ ایران کے ساتھ کشیدگی ‘ شمالی کوریا کی صورتحال ‘ یوکرین اور ونیزویلا کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ مائیک پومپیو 13 اور 14 مئی کو ماسکو اور سوچی کا دورہ کرنے والے ہیں جبکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جاریہ ہفتے ہی روسی صدر کے ساتھ تقریبا ایک گھنٹے تک فون پر بات چیت کی تھی ۔ اس بات چیت میں بھی کئی امور بشمول ونیزویلا اور چین کے ساتھ سہ رخی نیوکلئیر معاہدہ جیسے مسائل پر بات چیت کی گئی تھی ۔ کہا جا رہا ہے کہ پومپیو کے دورہ روس کے موقع پر سب سے زیادہ توجہ اسلحہ کنٹرول کے معاہدہ پر دی جائیگی ۔ صدر ٹرمپ نے بھی یہ واضح کردیاتھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بیشتر ممالک کے ساتھ اسلحہ پر کنٹرول کے معاہدات طئے پا جائیں۔ ایک سرکاری عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین دیگر عالمی مسائل جیسے یوکرین ‘ ونیزویلا ‘ ایران ‘ شام اور شمالی کوریا کے حالات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوسکتی ہے ۔ امریکہ اس دورہ کے ذریعہ کوشش کریگا کہ ان مسائل پر روس کو اپنا ہمنوا اور ہمخیال بنایا جاسکے ۔ ٹرمپ کی پوٹین کے ساتھ ایک گھنٹہ تک فون پر بات چیت کے بعد پومپیو کے دورہ روس کو زیادہ اہمیت حاصل ہوگئی ہے ۔