مائیکرو سافٹ سی ای او کی حیدرآباد میں ملازمین کے ساتھ بات چیت

ستیہ نڈیلہ کا یہاں کمپنی کے انڈیا ڈیولپمنٹ سنٹر کا دورہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( پی ٹی آئی ) : مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلہ نے آج یہاں اس کمپنی کے انڈیا ڈیولپمنٹ سنٹر کا دورہ کیا اور ملازمین کے ساتھ بات چیت کی ۔ کمپنی ذرائع نے کہا کہ ’ انہوں نے ملازمین کے ساتھ بات چیت کی اور ان کی کتاب ’ ہٹ ریفریش ‘ کے بارے میں بات کی ۔ انہوں نے کمپنی میں شامل ہونے کے وقت سے سی ای او بننے تک ان کے سفر سے واقف کروایا ‘ ۔ ستیہ ناڈیلہ نے جو کل رات دیر گئے یہاں پہنچے تھے ۔ دن میں کمپنی کے ملازمین کے ساتھ بات چیت کرنے کے بعد ، آج دوپہر نئی دہلی روانہ ہوگئے ۔ ذرائع نے کہا کہ وہ کل ’ انڈیا ٹو ڈے کانکلیو نیکسٹ 2017 ‘ کے پہلے ایڈیشن میں کلیدی خطبہ دیں گے ۔ قبل ازیں مائیکرو سافٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ نڈیلہ 6 اور 7 نومبر کو ہندوستان کے دو روزہ دورہ پر ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ یہاں ان کی ( ستیہ ناڈیلہ ) مصروفیات میں کسٹمرس اور انڈسٹری لیڈرس کے علاوہ مرکزی حکومت اور ملازمین کے ساتھ میٹنگس شامل ہیں ۔ حیدرآباد میں پیدا ہوئے ناڈیلہ نے جو فروری 2014 میں بحیثیت مائیکرو سافٹ سی ای او عہدہ کا جائزہ لیا ، اس کتاب میں ان کے شخصی سفر ، ریڈمانڈ ، واشنگٹن کی سافٹ ویر کی بڑی کمپنی میں ہورہی تبدیلیوں اور ٹکنالوجیکل تبدیلیوں کی لہر کا تذکرہ کیا ہے ۔ یہ کتاب ستمبر میں جاری کی گئی ہے ۔ اس کتاب کا پیش لفظ مائیکرو سافٹ کے معاون بانی بل گیٹس کا تحریر کردہ ہے ۔ یہ کتاب تین ہندوستانی زبانوں ہندی ، تلگو اور ٹامل میں بھی دستیاب ہوگی ۔۔