مائوسٹوں نے دو پوکلین مشین اور تین گاڑیوں میں آگ لگائی

گیا۔05 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں انتہا پسندی سے متاثر گیا ضلع کے مفصل تھانہ علاقے میں ممنوعہ تنظیم کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماؤنواز) کے عسکریت پسندوں نے کل رات گئے ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے دو پوکلین مشین اور تین گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھیجیت کمار سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ پیمار ندی پر بن رہے ریلوے پل کی تعمیر میں مصروف کولکتہ کی ایک نجی کمپنی کے بوڑھي پیمار گاؤں میں واقع بیس کیمپ پر دیر رات تقریباً 40 سے زائد مسلح ماؤنواز باغیوں نے دھاوا بولا۔ اس کے بعد ماؤنواز باغیوں نے ملازمین کو مار پیٹ کر بھگا دیا اور کیمپ میں کھڑی دو پوکلین مشین، دو ھائوا، ایک جیپ اور ایک موٹر سائیکل میں ڈیزل چھڑک کر آگ لگا دی۔ مسٹر سنگھ نے بتایا کہ ماؤنوازوں نے پہلے تعمیراتی کمپنی سے جبری وصولی کی شکل میں روپیوں کی مانگ کی تھی اور غالباً روپے نہ دینے پر اس واقعہ کو انجام دیا گیا ہے ۔ جائے حادثہ سے پولیس نے ماؤنوازوں کی طرف سے چھوڑا گیا ایک پرچہ بھی برآمد کیا جس میں جبری وصولی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تعمیراتی کمپنی کے انجینئر روبن منڈل کے بیان پر متعلقہ تھانہ میں نامعلوم ماؤنوازوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے ۔ پولیس ماؤنوازوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار رہی ہے ۔