لاس اینجلس ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مائنمار کے ایک پناہ گزین کیمپ میں ہالی ووڈ کی سوپر اسٹار انجلینا جولی نے پناہ گزینوں سے ملاقات کی۔ جولی مائنمار کے دورہ پر پہلی بار روانہ ہوئی ہیں جسے سابق میں برما کہا جاتا تھا۔ پیوپل میگزین کے مطابق انجلینا جولی اقوام متحدہ رفیوجی ایجنسی کی خصوصی قاصد کی حیثیت سے وہاں پہنچی ہیں۔ ان کے ہمراہ ان کا 11 سالہ بیٹا پیکس بھی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چار روزہ دورہ ان کیلئے مصروف ترین ہوگا جہاں وہ مختلف افراد اور گروپس جیسے ویمنس گروپس، سیول سوسائٹی، بے گھر خاندانوں اور نوجوانوں سے ملاقاتیں کریں گی تاکہ ان کی زبانی ان کو درپیش مسائل کا پتہ چل سکے اور یہ معلوم کیا جائے کہ وہ اپنے مستقبل کے لئے اپنے ملک سے کیا توقعات وابستہ کئے ہیں۔ 40 سالہ جولی کو اپنے شوہر اداکار براڈپٹ سے مزید پانچ بچے بھی ہیں۔ مائنمار پہنچنے سے قبل انہوں نے کمبوڈیا میں بھی توقف کیا جو ان کے 13 سالہ بیٹے میڈاکس کا پیدائشی مقام ہے۔