مائناریٹی سب پلان اور 12 فیصد تحفظات کیلئے چلو حیدرآباد پروگرام

5 اکٹوبر کے پروگرام کو قطعیت، کمیونسٹ کے بشمول اہم قائدین کی شرکت

حیدرآباد ۔24ستمبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں میناریٹی سب پلان و 12فیصد تحفظات کمیٹی کی جانب سے 5اکٹوبر کو ’’چلو حیدرآباد‘‘ پروگرام منعقد کیا جائے گا اور اس پروگرام میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے علاوہ دیگر اہم قائدین شرکت کرتے ہوئے مسلمانوں کے لئے 12فیصد تحفظات اور انہیں سب پلان کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ 5اکٹوبر کو 11بجے دن ایک عظیم الشان ریالی سندریا پارک سے شروع ہوگی جو اندرا پارک پہنچ کر جلسہ ٔ عام میں تبدیل ہوجائے گی۔ ریاست میں اقلیتوں کے ساتھ انصاف اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرتے ہوئے منظم کی جانے والی اس ریالی و جلسہ ٔ عام میں بے روزگار نوجوانوں و غریب تاجرین کو 2لاکھ روپئے تک کی مالی امداد‘ حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی فلاحی اسکیمات اور ڈبل بیڈروم اسکیم میں مسلمانوں کو ان کی آبادی کے مطابق حصہ کی فراہمی ‘ خصوصی ڈی ایس سی کے انعقاد کے ذریعہ اردو اسکولوں میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات‘ مسلم نوجوانوں کو ہراسانی کا سلسلہ ترک کرنے اور ان پر درج کردہ بے جا مقدمات سے دستبرداری‘ ریاستی وقف بورڈ کو حسب وعدہ عدالتی اختیارت کی فراہمی کے علاوہ دودیکولہ و نورباشاہ طبقہ کو BC-Eمیں شامل کرنے کے مطالبات شامل رہیں گے۔ اس سلسلہ میں آج ایک پوسٹر کا رسم اجراء عمل میں آیا جس کی رونمائی جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے انجام دی۔ایم ایس آر اے سی کے ذمہ داران نے بتایا کہ 5اکٹوبر 2016 کو ہونے جارہے اس چلو حیدرآباد احتجاجی پروگرام میں ریاست تلنگانہ کے دس اضلاع سے عوام شرکت کریں گے اور اس احتجاجی پروگرام کا مقصد حکومت کی جانب سے انتخابات سے قبل کئے گئے وعدوں کو عمل آوری کیلئے دبائو ڈالنا ہے۔ اسی لئے متعدد سمینار و کنونشن کے انعقاد کے بعد اب ایک مرکزی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسی فیصلہ کے تحت یہ پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین کے علاوہ سیکولر ذہنیت کے حامل افراد شرکت کریں گے اور اس ضمن میں تنظیم کی جانب سے تیاریاں عروج پر ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں مختلف اضلاع میں 12فیصد تحفظات اور مسلم سب پلان کیلئے شعور بیداری مہم کے بعد اس کے نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور اب یہ مہم ریاست گیر سطح پرمسلمانوں میں شعور بیداری اور حقوق سے واقفیت کی تحریک بن چکی ہے۔