ماؤنٹ ایورسٹ سے برف کا تودہ گرنے کا حادثہ ،13 ہلاک

کھٹمنڈو 18اپریل (سیاست ڈاٹ کام )ماؤنٹ ایورسٹ سے کھسک کر گرنے والے ایک زبردست برف کے تودے سے کم از کم 13 نیپالی شیرپا گائیڈس ہلاک ہوگئے اور دیگر کئی افراد زخمی ہوگئے ۔ کوہ پیمائی کے انتہائی مہلک حادثوں میں سے ایک جو دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی پر چڑھنے کے دوران پیش آیا ۔ وزارت سیاحت نیپال کے بموجب تاحال 13 نعشیں برآمد کر کے بیس کیمپ پہنچائی جاچکی ہے ۔مزید تین زخمی کوہ پیماؤں کو کھٹمنڈو منتقل کیا جارہا ہے۔مزید 7کوہ پیما لاپتہ ہے ۔ برف کا یہ تودہ شیرپا نیپالی گائیڈس اور کوہ پیمایوں پر اس وقت گر پڑا جبکہ وہ بیس کیمپس سے پہلے کیمپ کی سمت پیشرفت کررہے تھے ۔ وزارت سیاحت کے شعبہ کوہ پیمائی کے عہدیدار تلک پانڈے نے کہا کہ تقریبا 15 کوہ پیما جن کا تعلق چھ مختلف مہمات سے تھا ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی کوشش کررہے تھے۔