حیدرآباد ۔ /20 مارچ ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں /11 اپریل کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے دوران ماؤنواز انتہاپسندوں کی سرگرمیوں سے متاثر چھتیس گڑھ سے متصلہ علاقوں میں ان کے حملوں کے اندیشوں سے نمٹنے کے لئے پولیس کی طرف سے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی ہے اور دیگر انسدادی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ پولیس نے /7 ڈسمبر 2018 ء کو منعقدہ اسمبلی انتخابات سے قبل بھی سی پی آئی (ماؤنواز) کارکنوں کے حملوں کو ناکام بنانے ایسی ہی ہمہ رخی حکمت عملی اختیار کی تھی ۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس (ضبط و قانون) جتیندر ریڈی نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’ ہم خاطر خواہ انتظامات کررہے ہیں ۔ چیک پوسٹس کا قیام ، ناقابل ضمانت وارنٹس کی اجرائی ، اسلحہ کو (پولیس اسٹیشنوں میں) محفوظ کروانے جیسے تمام خاطر خواہ احتیاطی انتظامات کئے گئے ہیں جو انتخابات کے لئے درکار ہوتے ہیں ‘ ۔ مرکزی نیم فوجی فورسیس بھی ریاست پہونچ چکے ہیں جنہیں تمام اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے ۔ جہاں انہوں نے فلیگ مارچ کیا ہے ۔ جیتندر ریڈی نے کہا کہ ’ ہمیں امید ہے کہ اسمبلی انتخابات کی طرح پارلیمانی انتخابات بھی پرامن انداز میں تکمیل منعقد ہوں گے ‘۔