جگدل پور۔26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں نکسلیوں نے گزشتہ رات کانگریس کے ایک کارکن کا دھاری دار ہتھیار سے بے رحمی سے قتل کر دیا۔ قتل کا سبب پولیس کی مخبری بتایا جارہا ہے ۔ واقعے کے بعداس علاقے میں دہشت پھیل گئی ہے ۔بھیرم گڑھ تھانہ انچارج نے بتایا کہ یہاں سے تقریبا تین کلومیٹر دور گرام ٹھوٹھاپارا میں رہائش پذیر سھدیو سمرتھ (28) کل رات اپنی بیوی رکدئي کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد بیٹھا ہوا تھا، اسی وقت سادہ کپڑوں میں 8 تا 10 مسلح نکسلی اس کے گھر آ دھمکے اور سہدیو کے اوپر وار کرنے لگے ۔ خوف کی وجہ سے جیسے ہی بھاگا، ماؤنوازوں نے دوڑاتے ہوئے گھر کے باہر تیز ہتھیار سے اس کا قتل کردیا اور اندھیرے کا فائدہ اُٹھاکر جنگل میں فرار ہوگئے ۔پولیس معاملے کے ہرپہلو کی جانچ پڑتال کر رہی ہے ۔ نکسلیوں نے جائے واقعہ پر کوئی پرچہ نہیں چھوڑا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی ماؤنوازوں نے سہدیو کو مخبری سے دور رہنے کے لئے خبردار کیا تھا۔